مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی اخبار دی ہندو کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ چین، ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں شمولیت کے خلاف نہیں اور نہ ہی ہندوستان کو پاکستان کی اس گروپ میں شمولیت پر کوئی اعتراض ہے۔ اطلاعات کے مطابق سشما سوراج نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان کی کوشش ہے کہ اسے رواں سال این ایس جی کی رکنیت مل جائے۔ سشمان سوراج کا کہنا ہے کہ نہ ہی چین این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کی مخالفت کررہا ہے اور نہ ہی ہندوستان اس گروپ میں پاکستان کی شمولیت کیخلاف ہے۔
سشما سوراج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکرٹری خارجہ مذاکرات منسوخ نہیں ہوئے۔ 'پاکستان نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے لیے مزید وقت مانگا ہے، ہم ان تحقیقات کے مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں.'
سشما سوراج نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے ہندوستانی تحقیقاتی ٹیم کو پاکستان جانے سے نہیں روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمیں مشکل معاملات طے کرنے ہیں تاہم اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی موجود ہے۔
آپ کا تبصرہ